بغداد،22جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عراق کے صوبے نینوی میں مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش تنظیم نے’’الموصل ہوٹل‘‘کو دھماکے سے تباہ کر دیا ہے۔ یہ موصل شہر کا دوسرا سب سے بڑا ہوٹل ہے۔
ذرائع کے مطابق داعش نے موصل کے مغربی حصے میں الرفاعی کے علاقے میں واقع ہوٹل کے اندر بہت بڑی مقداد میں گولہ بارود نصب کیا اور بعد ازاں عمارت کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
دوسری جانب عراقی فضائیہ نے موصل کے مغربی حصے میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور تنظیم کے متعدد مراکز کو تباہ کر دیا۔بین الاقوامی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے بھی الراشیدیہ کے علاقے سے کشتیوں کے ذریعے فرار ہونے والے داعش کے ارکان کو بم باری کا نشانہ بنایا۔عینی شاہدین کے مطابق انہیں دریائے دجلہ میں داعش تنظیم کے ارکان کی لاشیں بھی تیرتی ہوئی نظر آئی ہیں۔